۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ خالق کائنات کے چنے ہوئے بندوں نے دین الہی کی سربلندی اور دفاع کے لیے اپنے گھر بار قربان کر یہ ثابت کیا کہ حق و صداقت کی خاطر سب کچھ لٹایا جا سکتا ہے لیکن حق کے راستے کو چھوڑا نہیں جا سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ روز عاشور بندگی و اطاعت کی عظیم معراج کا نام ہے۔خالق کائنات کے چنے ہوئے بندوں نے دین الہی کی سربلندی اور دفاع کے لیے اپنے گھر بار قربان کر یہ ثابت کیا کہ حق و صداقت کی خاطر سب کچھ لٹایا جا سکتا ہے لیکن حق کے راستے کو چھوڑا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حسینیت حق و سچائی کے اس رستے کا نام ہے جس کے راہی کو شدید صعوبتیں اور مشکلات جھیلنا پڑتی ہیں۔اللہ تعالی کی رضا کی خاطر بے دریغ قربانیاں دینی پڑتی ہیں لیکن حق پر آنچ نہیں آنے دی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ یزید دین اسلام کی حقیقی شکل کو مسخ کرنا چاہتا تھا۔امام عالی مقام نے اپنے نانا کے دین کا دفاع کرتے ہوئے یزید کو اس کے ناپاک ارادوں سے باز رکھا۔امام علیہ السلام نے اپنے خاندان کی قربانی دے کر بندگی کا حقیقی مفہوم سے دنیا کو آشنا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دور عصر میں یزیدی فکر کا پرچار کیا جا رہا ہے۔اسلام کی شکل تبدیل کرنے کے لیے یہود و نصاری مسلمان نما ایجنٹوں کو استعمال کر رہے ہیں۔اسلام کے ان دشمنوں کو صرف عزم حسینی سے شکست دی جا سکتی ہے۔حسین علیہ السلام کسی مخصوص مسلک کی جاگیر کا نام نہیں بلکہ ایک ایسی بلند و ارفع اور اٹل فکر کا نام ہے جس کو اختیار کرنے والا حسینی ہے چاہے اس کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو۔

آخر میں کہا کہ روز عاشورہ امام زمانہ علیہ السلام کی بارگاہ میں پرسہ پیش کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ جب تک ہماری سانسیں چل رہی ہیں عزاداری امام حسین علیہ السلام اور ولایت علی علیہ السلام پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .